بینکاک 4/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے اتوار کو ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی گراؤنڈ پر کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان کو 17رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار ایشیائی کرکٹ کونسل (اے سی سی)خواتین ٹی 20ایشیا کپ خطاب پر قبضہ جما لیا ہے۔اس سے پہلے ہندوستان نے 2012میں چین کے گواگجھو میں ہوئے اس ٹورنامنٹ کے گزشتہ سیشن کے فائنل میں پاکستان کو ہی 19رنز سے شکست دے کر خطابی جیت حاصل کی تھی۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم نے متالی راج (ناٹ آووٹ 73)کی شاندار نصف سنچری اننگز کی بدولت پاکستان کے سامنے 122رنز کا ہدف دیا جسے پاکستانی خواتین مقرر اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر بھی حاصل نہیں کر پائی اور 17رنز سے ہار گئی۔پاکستانی ٹیم 104رن ہی بنا سکی۔
ہندوستان کے لئے متالی کے علاوہ جھولن گوسوامی نے 17رنز کا اہم کردار ادا کیا۔اس اننگز میں پاکستان کے لئے عنم امین نے دو جبکہ ثنا میر اور سعدیہ یوسف نے ایک ایک کامیابی حاصل کی۔پاکستان کی کپتان بسماہ معروف((25اور جاویریہ خان((22نے سب سے زیادہ رنز بنائے،تاہم اس کے باوجود بھی ٹیم ہندوستانی گیند بازوں کے آگے ٹک نہیں پائی اور تمام اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 104رنز ہی بنا سکی۔ہندوستان کے لئے اکیتا بشٹ نے سب سے زیادہ دو وکٹ حاصل کئے جبکہ انجا پاٹل، جھولن، شکھا پانڈے اور پریتی بوس کو ایک ایک کامیابی حاصل ہوئی۔واضح رہے کہ 2004سے شروع ہوئے اس ٹورنامنٹ پر ہندوستان نے ہی ہر بار خطابی جیت حاصل کی ہے۔2004، 2005، 2006، 2008میں ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے کر یہ خطاب جیتا تھا۔یہ ٹورنامنٹ میں 2004سے 2008تک 50اوورز کے فارمیٹ میں کھیلا گیا تھا لیکن 2012کے بعد اسے ٹی 20فارمیٹ میں تبدیل کر دیا گیا۔